سٹیمپ مائک از اعتزاز سلیم وصلی

2019-04-27 20:55:59 Written by اعتزاز سلیم وصلی

۔’’ابے کالے۔۔تیری امی آج کہاں بیٹھی ہے؟کیا پڑھوا کے آیا ہے آج؟‘‘اس جملے سے شاید ہی کوئی کرکٹ فین واقف نہ ہو گا۔۔2019 میں ہونے والی ساؤتھ افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز میں جب پاکستانی کیپٹن سرفراز نے یہ جملہ بولا تو وہ پوری دنیا میں نسلی تعصب کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنائے گئے۔انہوں نے معافی بھی مانگی۔افریقی آل راؤنڈر اینڈائل پھلکواؤ نے انہیں معاف بھی کردیا مگر آئی سی سی نے چار میچوں کی پابندی جڑ دی۔سٹمپ مائک پر اپنے الفاظ کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بننے والے ایک اکیلے سرفراز نہیں بلکہ اس مائک نے کئی کھلاڑیوں کی ذلیل کروایا ہے۔سٹمپ مائک دراصل وکٹوں میں لگا پاور فل مائک ہے جو کھلاڑیوں کی آواز کمنٹری والوں تک پہنچاتا ہے
آئیں چند کھلاڑیوں کا قصہ سناتے ہیں۔۔ جو سٹمپ مائک کی وجہ سے تماشا بنے۔
آسٹریلین فاسٹ باؤلر عام طور پر بیٹسمین پر زبانی حملے کرتے رہتے ہیں لیکن 2016 کے نیوزی لینڈ ٹور کے دوران پیس لیڈر ہیزل ووڈ نے پوری دنیا کے سامنا اپنا تماشا اس وقت بنایا جب وہ کیوی بیٹسمین کو آؤٹ کرکے جشن منا رہے تھے کہ اچانک تھرڈ ایمپائر نے ریویو کی وجہ سے اسے ناٹ آؤٹ قرار دے دیا۔ہیزل ووڈ کو یہ فیصلہ بالکل پسند نہ آیا اور اس نے سیدھا ایمپائر کو گالی دیتے ہوئے کہا۔۔’’ہو دا۔۔۔۔از دیٹ تھرڈ ایمپائر؟‘‘سٹمپ مائک نے یہ گالی پوری ایمانداری سے لوگوں تک پہنچائی جس پر سوشل میڈیا پھٹ پڑا۔آئی سی سی نے ایمپائر کی عزت رکھی اور میچ فیس کا پندرہ فیصد کاٹ کر ہیزل ووڈ کو زبان سنبھالنے کا حکم دیا۔
انڈین کیپٹن ایم ایس دھونی کو دنیا مسٹر کول کے نام سے جانتی ہے پر وہ کتنے کول ہیں اس راز سے بھی سٹمپ مائک نے پردہ اٹھا دیا۔تئیس فروری2018 کو جنوبی افریقہ کے خلاف ہونے والے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جب ایم ایس دھونی سنگل لینے کے بعد ڈبل لینے کیلئے دوڑے تو جونئیر بیٹسمین منیش پانڈے انہیں دیکھ نہیں رہے تھے بلکہ ان کی نظریں باہر ٹکی ہوئی تھیں جس پر ایم ایس ڈی بھڑک اٹھے اور منیش پانڈے کی ماں بہن ایک کردی۔سٹمپ مائک پر یہ آواز پوری دنیا نے سنی۔ایم ایس ڈی پر تنقید کی گولہ باری ہوئی جس پر انہیں منیش پانڈے سے معذرت کرنا پڑی۔
فروری 2019 میں ہی سٹمپ مائک کا شکار ویسٹ انڈیز کے فاسٹ باؤلر شینن گبرئیل بنے جب انہوں نے انگلینڈ کیپٹن جوئے روٹ کو انتہائی نامناسب الفاظ میں چھیڑنا شروع کردیا۔انہیں بھی کرکٹ میں نفرت پھیلانے کے الزام میں چار ون ڈے سے بین کا سامنا کرنا پڑا۔
انڈیا کی مشہور لیگ میں سٹمپ مائک نے ایک نیا قصہ چھیڑ دیا۔رواں سیزن میں انڈین وکٹ کیپر بیٹسمین پنت دہلی کی طرف سے کیپنگ کررہے تھے جب انہوں نے امیت مشرا کو فیلڈنگ تبدیل کرنے سے روک دیا اور فرمایا’’اس بال پہ ویسے بھی چوکا ہے‘‘حیرت انگیز طور پر آندرے رسل نے اگلی بار کو چوکا لگا دیا۔۔سوشل میڈیا پر ایک بار پھر آئی پی ایل فکس ہونے کے نعرے لگنے شروع ہو گئے۔اس بات میں حقیقت کتنی ہے یہ تو وقت ہی بتائے گا
سوال یہ نہیں کہ سٹمپ مائک نے کیا کیا کارنامے سرانجام دئیے بلکہ سوال یہ ہے کہ کیا یہ ٹیکنالوجی درست ہے؟کھلاڑی اپنی فرسٹریشن نہیں نکال سکتے۔۔ان پر پریشر ہوتا ہے اور سخت مقابلے میں یہ مائک مزید پریشر بڑھانے کا باعث بنتا ہے۔دیکھتے ہیں آئی سی سی اس بارے میں کیا فیصلہ کرتا ہے