پاکستان بمقابلہ انگلینڈ

2019-06-04 12:26:01 Written by اعتزاز سلیم وصلی

ورلڈ کپ 2019

میچ نمبر چھے

پاکستان بمقابلہ انگلینڈ

سب سے پہلے تو وہ سارے دانشور اور تیسرے درجے کے فین کان پکڑ لیں جو پاکستان کی پہلے میچ میں ہار کے بعد ٹیم کو گالیاں دے رہے تھے۔پاکستانی ٹیم،ہنستی لڑکی اور ہیٹ سٹوری سیریز کی فلم ان تین چیزوں کا کبھی اعتبار مت کرنا۔یہ کسی وقت کچھ بھی کر سکتے۔

تو ہوا کچھ یوں کہ انگلینڈ کیپٹن بے چارہ پاکستان کی معصومیت پر قربان ہوتے ہوئے ان کو پہلے بیٹنگ دے کر خوش خوش واپس لوٹ گیا۔ویسٹ انڈیز کے خلاف ناکام ہونے والی بیٹنگ کو اس نے زیادہ اہمیت نہیں دی تھی۔پاکستان کی طرف سے بسم اللہ امام اور فخر نے اچھی پارٹنر شپ جڑ کر پڑھی۔دونوں معین علی کا شکار بنے۔فخر نے اڑتیس اور امام نے چوالیس رنز اسکور کئے۔اس کے بعد محمد حفیظ اور بابر اعظم نے چارج سنبھالا اور گولہ باری شروع کردی۔انگلینڈ کی باؤلنگ کمزور تھی۔بے چارے پھنس گئے۔گوروں کو ان کے ہوم گراؤنڈ پر چاروں طرف چھکے چوکوں کی برسات ہونے لگی۔بابر اعظم تریسٹھ بنا کر معین تیسرا شکار ثابت ہوئے جس کے بعد کپتان کریز میں آئے اور جم گئے۔نصف سنچری جڑ کر سرفرار اور چوراسی رنز بنا کر محمد حفیظ نے ٹیم کو ایک مضبوط اسکور تک پہنچا دیا۔یہاں اس بات کا ذکر کرنا ضروری ہے کہ پاکستانی ٹیم کے فنشر شعیب ملک اور آصف علی کی ناکامی کو میچ کی جیت میں نظرانداز کرنا غلط ہو گا۔انہیں کچھ کرنے کی ضرورت پڑے گی۔انگلینٖڈ کی طرف معین علی اور کرس ووکس نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔

تین سو انچاس رنز کے تعاقب کرنے والے رائے کو شاداب نے تیسرے اوور میں چلتا کیا۔بیرسٹو اور روٹ نےاننگ کو سنبھالنے کی کوشش کی۔اس دوران بابر اعظم نے روٹ کا آسان کیچ چھوڑ کر فینز کو مایوس کر دیا مگر انگلینڈٹیم پر زیادہ اسکور کا دباؤ تھا۔بیرسٹو کی وکٹ وہاب ریاض نے اڑائی تو مورگن کو حفیظ اور سٹوکس کو شعیب ملک نے پویلین بھیج دیا۔یہاں جوز بٹلر کی آمد ہوئی اور کیا دھماکے دار آمد تھی۔اگلے کچھ اوورز میں پاکستانی باؤلروز کی خوب پٹائی ہوئی۔روٹ نے سنچری جڑی اور شاداب کا شکار بن گئے۔بٹلر نے بھی سینچری جڑی اور محمد عامر کا شکار بنے۔ووکس اور معین علی نے اننگ فنش کرنے کی کوشش کی مگر اب یہ ممکن نہیں تھا۔وہاب ریاض کی تباہ کن باؤلنگ کے سامنے انگلینڈ زیادہ نہ ٹک سکی اور ہاٹ فیورٹ سائیڈ پاکستان سے چودہ رنز سے ہار گئی۔

ورلڈ کپ اب اپنے عروج پر پہنچ چکا ہے۔پاکستانی ٹیم نے کمزور ویسٹ انڈیز سے ہارنے کے بعد جس طرح انگلینڈ کے حواس چھینے ہیں وہ تعریف کے قابل ہے۔سب سے بڑی بات یہ کہ انہوں نے اپنی غلطیوں سے سیکھا ہے۔سرفراز کو کپتانی اور کچھ فیلڈنگ پر توجہ دینی چاہیے تاکہ مزید اچھی پرفارمنس دکھائی جا سکے۔