انگلینڈ بمقابلہ بنگلہ دیش

2019-06-09 18:24:29 Written by اعتزاز سلیم وصلی

ورلڈ کپ 2019

میچ نمبر بارہ

انگلینڈ بمقابلہ بنگلہ دیش

حرام کا کمایا ہوا پیسہ ختم ہو جاتا ہے پر اس انگلینڈ ٹیم کی بیٹنگ ختم ہونے کا نام نہیں لیتی۔مسلسل سات میچوں میں تین سو سے زائد رنز بناتا دیکھ کر میرے منہ سے بے اختیار نکل گیا’’انی دیا اے مذاق اے؟‘‘بنگالی ٹائیگرز بھی ویسے کمال ہیں۔ان کا نمبر ون باؤلر ہے مستفیض اور کپتان خود جسے پرانے بال کے ساتھ بھی لتر پڑتے ہیں اپنے آپ کو بچانے کیلئے نئے بال سے باؤلنگ کرنے لگ گیا یعنی کپتانی کا ناجائز فائدہ۔

ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کرنے والی بنگالی ٹیم کو یہ بالکل بھی اندازہ نہیں تھی کہ اس معاملے میں رائے سے رائے نہ لینے پر وہ اتنا غصہ ہو گا کہ سیدھا سنچری اور سنچری کے اوپر ایک ففٹی بھی جڑ دے گا۔ایک سو ترپن رنز بنا کر رائے نے باقی انگلش ٹیم کو باری کی دعوت دی۔بیرسٹو نے بھی نصف سنچری اسکور کی۔جوئے روٹ اکیس رنز بنا کر گھر لوٹے تو بٹلر نے آ کر بنگالیوں پر ہاتھ صاف کرنا شروع کر دیا۔بٹلر کو تو ایسا موقع اللہ دے۔ایسا محسوس ہوتا تھا جیسے ولیمے میں بٹلر کسی بن بلائے مہمان کی طرح صرف کھانا کھانے آیا ہے۔چوالیس گیندوں پر چونسٹھ رنز جڑ کر بنگالیوں کے تابوت میں آخری کیل بھی جڑ دیا۔جس کے بعد لوئر آرڈر نے آخری تین اوور میں تینتالیس رنز جڑ دئیے اور اسکو پہنچا دیا تین سو چھپاسی پر۔بنگالیوں کی طرف سے سیف الدین اور مہدی حسن نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں سومیا سرکار کی وکٹ جوفرا آرچر نے اڑائی تو تمیم کو ووڈ نے چلتا کیا۔شکیب الحسن نے اپنی شاندار فارم دکھاتے ہوئے ایک سو اکیس رنز رنز جڑ دئیے مگر اس کا ساتھ کسی نے نہ دیا۔مشفیق چوالیس رنز بنا سکے۔مٹھن انڈہ اور محمداللہ اٹھائیس رنز پر تھک گئے۔باقی سب نے بھی تھوڑا تھوڑا حصہ ڈالا پر یہ اتفاق میں برکت انگلینڈ کے ٹارگٹ کے قریب بھی نہ جا سکی اور ایک سو چھے رنز سے بنگالی اپنا دوسرا میچ بھی ہار گئے۔

گروپ اسٹیج اب دلچسپ صورتحال اختیار کر گیا ہے جس میں آنے والا ہر میچ اہم ترین ہو گا۔