نیوزی لینڈ بمقابلہ افغانستان

2019-06-09 19:53:43 Written by اعتزاز سلیم وصلی

ورلڈ کپ 2019

میچ نمبر تیرہ

افغانستان بمقابلہ نیوزی لینڈ

جب بھی ٹورنامنٹ کے فیورٹ کے بارے میں پوچھا جاتا تھا ہر بندہ  خود کو دنیا کا آخری ذہین شخص سمجھ کر بولتا ’’انگلینڈ،انڈیا،آسٹریلیا‘‘اور نیوزی لینڈ والے گھر بیٹھ کر یہ باتیں سنتے تو ان کا خون کھول جاتا۔اپنے تیسرے میچ میں بھی انہوں نے خود کو فیورٹ نہ کہلانے کا غصہ معصوم افغان ٹیم پر نکالا۔

ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے والی سائیڈ نے افغانیوں کے اوپنر کی شاندار مزاحمت کا سامنا کیا جنہوں نے گیارہ اوورز میں چھیاسٹھ رنز جڑ دئیے۔لیکن اس کے بعد اچانک انہیں نظر لگ گئی۔چھیاسٹھ پر دو چھیاسٹھ پر تین اور ستر پر چار کھلاڑی ایسے واپس لوٹے جیسے پویلین میں لنگر بٹ رہا ہو۔اوپنر حضرت اللہ زازئی نے چونتیس جبکہ کے نور علی زادران نے اکتیس رنز اسکور کئے۔محمد نبی ایک سو پانچ کے مجموعی اسکور پر گھر لوٹے۔جس کے بعد وکٹوں کا ڈھیر لگ گیا۔سب سے خطرناک بات جو افغان ٹیم کیلئے مسئلہ بنے گی وہ راشد خان کے سر میں لگنے والا بال تھا جس کے بعد وہ باؤلنگ نہ کر سکا۔

جمی نیشام نے پانچ اور فرگوسن نے چار وکٹیں حاصل کرکے کسی اور باؤلر کو موقع ہی نہ دیا۔ایک سو بہتر کے اسکور پر ساری افغان ٹیم گھر لوٹ گئی۔

ہدف کے تعاقب میں گپٹل نے شرارت کی اور زیادہ تھکنے کی بجائے پہلی بال پر گھر لوٹ گیا۔منرو نے بائیس اسکور بنائے جبکہ کین ولیمسن اور روز ٹیلر نے بالترتیب نواسی اور اڑتالیس رنز بنا کر ٹیم کو باآسانی ٹارگٹ تک پہنچا دیا۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم لگاتار تین میچ جیت کر سیمی فائنل کیلئے راستہ پختہ کر چکی ہے مگر اب تک ان کے تینوں میچ کمزور ٹیموں کے خلاف ہوئے ہیں۔دیکھتے ہیں یہ ٹیم انگلینڈ انڈیا یا آسٹریلیا کے خلاف کیا کر پاتی ہے۔۔یہ تو آگے کے میچز دیکھنے کے بعد پتہ چلے گا