آسٹریلیا بمقابلہ انڈیا

2019-06-10 12:08:31 Written by اعتزاز سلیم وصلی

ورلڈ کپ 2019

میچ نمبر چودہ

آسٹریلیا بمقابلہ انڈیا

انگلینڈ کے بعد جس ٹیم کے پاس سب سے زبردست بیٹنگ لائن اپ ہے وہ انڈیا ہے۔مسئلہ یہ نہیں کہ ان کی بیٹنگ اچھی ہے مسئلہ یہ ہے کہ ان کی باؤلنگ بھی اچھی ہے۔تاریخ میں پہلی بار ٹیم انڈیا اتنی متوازن ہے کہ سیمی فائنل تک کا راستہ ان کیلئے آسان تر دکھائی دے رہا ہے۔

آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گئے میچ میں ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا بہترین اور بہادری والا فیصلہ کیا کیونکہ اب تک ٹیمیں چیز کرنا پسند کررہی تھیں مگر کویلی نے اپنی طاقت دکھانے کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔بیٹسمینوں کیلئے جنت نظر آنے والی پچ پر شیکھر دھاون اور روہت شرما نے ٹیم کو زبردست آغاز فراہم کیا اور اوپننگ پارٹنر شپ سو رنز سے زائد کی جڑ دی۔روہت ستاون پر بے وفائی کر گئے مگر دھاون نے اپنے ہاتھ خوب کھولے اور ایک سو سترہ رنز کی دلکش اننگ کھیلی۔کوہلی نے ساتھ دیا تو اس نے بھی ثابت کر دیا کہ وہ کیوں نمبر ون ہے۔بیاسی رنز بنا کر ٹیم کے اسکور کو آسٹریلیا کی حد سے پار کر دیا۔ہاردک پانڈیا اور ایم ایس دھونی نے بھی اپنے اپنے اسٹائل میں چھترول کی اور اسکور جا پہنچا تین سو باون پر۔آسٹریلیا کی طرف سے تمام باؤلرز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی اور اس کے بدلے اپنی طاقت سے بڑھ کر اسکور دیا۔

جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم نے ابتدا ہی اتنی سلو کی کہ جیسے پچاس نہیں بلکہ سو اوور میں اسکور پورا کرنا ہے۔سات کی ایوریج درکار تھی جبکہ آسٹریلیا نے صرف چار کی اوسط سے رنز بنائے۔ڈیوڈ وارنر نے نصف سنچری اسکور کی مگر بے حد کم سٹرائک ریٹ پر۔فنچ نے رن آؤٹ ہو کر جان چھڑائی جبکہ اسمتھ نے فارم برقرار رکھتے ہوئے ایک اور ففٹی جڑ دی۔کیری کی تیز ترین ففٹی بھی کسی کام نہ آئی اور آسٹریلیا یہ میچ چھتیس رنز سے ہار گیا۔انڈیا کی طرف سے بمراہ اور بھونیشور کمار نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔دو میچ جیتنے کے بعد آسٹریلیا کی یہ پہلی ہار ہے جبکہ انڈیا بغیر کوئی میچ ہارے چار پوائنٹس حاصل کر چکی ہے۔

آج افریقہ کا مقابلہ ویسٹ انڈیز سے ہو گا۔۔آگے آگے دیکھیے ہوتا ہے کیا۔