Cricket world cup 2019

2019-04-17 20:07:36 Written by اعتزاز سلیم وصلی

اچھا تو جناب کرکٹ کا سب سے بڑا میلہ بہت جلد انگلینڈ میں شروع ہونے والا ہے۔کرکٹ کے دیوانوں کو ابھی سے ہلکا ہلکا بخار محسوس ہو رہا ہے۔پیشین گوئیاں جاری ہیں۔اس بار ورلڈ کپ کا فارمیٹ بھی تبدیل کیا گیا ہے۔سولہ سے کم کرکے ٹیمیں دس کر دی گئی ہیں یعنی مقابلے مزید سنسنی خیز ہوں گے اور بورنگ میچ نہ ہوں گے۔پول سسٹم کو ختم کردیا گیا ہے۔ہر ٹیم دوسری ٹیم سے ایک میچ کھیلے گی یعنی ہر ٹیم ٹوٹل نو میچ کھیلے گی۔ٹاپ فور سیمی فائنل کی طرف اڑیں گے جبکہ باقی ٹیمیں گندے انڈے اور ٹماٹروں کے ریٹ میں اضافہ کرنے کیلئے گھر واپس تشریف لائیں گی۔۔آج ہم حاضر ہیں ایک مختصر سے ریویو کے ساتھ کہ کونسی ٹیم کسی پوزیشن پر کھڑی ہے کس سے کتنی امیدیں وابستہ کی جائیں گی اور کس ٹیم کا ابھی نندن سب سے پہلے دشمن ملک میں مار کھائے گا۔کس ٹیم کا باؤلر پاکستانی پائلٹ بن کر وکٹوں کے طیارے گرائے گا۔ہم بھی کچھ قاتل سی نگاہیں گھماتے ہیں ٹیموں پر اور اس لسٹ میں ٹاپ پر ہے ٹیم آسٹریلیا۔۔

1۔آسٹریلیا

نیولینڈز میں گیند کو اچھی طرح رگڑ کر معصوم سی ریورس سوئنگ کروانے کی کوشش کو بال ٹمپرنگ کہہ کر دنیا نے اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر پر سال بھر کی پابندی لگوا دی اور آسٹریلین ٹیم کے برے دن شروع ہو گئے۔ہر ٹیم نے ماضی کی اس شاندار ٹیم اور پانچ بار کی ورلڈ کپ ونر پر ہاتھ صاف کئے۔۔اور سرف ایکسل لگا کر دھلائی کی۔۔لیکن وہ بھی آسٹریلین ہیں اور کینگروز کبھی ہار نہیں مانتے۔انڈیا کو انڈیا میں ہرا کر اور پاکستان کو یو اے ای میں سفید چونے سے واش کرکے آسٹریلیا نے بتادیا ہے دنیا کو کہ ہم ورلڈ کپ کیلئے تیار ہیں۔۔اور ورلڈ کپ میں انہیں جو سپرپاور سپورٹ ملنی والی ہے وہ ڈیوڈ وارنر اور اسمتھ کی واپسی کی شکل میں ہے۔۔اس ٹیم کے باؤلنگ لائن اپ پر توجہ دیں تو مچل اسٹارک،ہیزل ووڈ،پیٹ کمنز کی سپیڈ و سوئنگ کے ساتھ ایڈم زیمپا کی سپن اور آل راؤنڈر سٹونس کی میڈیم پیس باؤلنگ کی سپورٹ آسٹریلیا کو حاصل کی ہو گی جبکہ میں بیٹنگ میں آرون فنچ،عثمان خواجہ،ڈیوڈ وارنر،اسٹیون اسمتھ،شان مارش،گلین میکسوئل شامل ہوں گے۔آسٹریلیا اس ورلڈ کپ کی فیورٹ ٹیموں میں سے ایک ہے۔

2۔افغانستان

افغان ٹیم کے کھلاڑیوں نے ایک دنیا کو حیران کررکھا ہے۔راشد خان،محمد نبی اور مجیب جیسے اسپنرز کی جادوگری کے سامنے بڑے بڑے نام پانی بھرتے دکھائی دئیے۔اس ٹیم کا اصل مسئلہ بیٹنگ ہے جس میں کوئی بڑا نام نہیں ہے پھر انگلینڈ کنڈیشن میں کھیلنا اور بھی مشکل ہو گا۔اس لئے باؤلنگ کی طاقت لئے افغان کچھ اپ سیٹ کرتے دکھائی تو دے رہے ہیں لیکن بیٹنگ انہیں مشکل میں ڈالے گی۔

3۔انڈیا

انڈین ٹیم کا توازن اور پرفارمنس دیکھی جائے تو سیمی فائنل تک ان کا راستہ صاف دکھائی دے رہا ہے۔اس بار خاص بات یہ ہے کہ بیٹنگ کے ساتھ ساتھ ان کی باؤلنگ بھی شاندار ہے۔چہل اور کلدیپ کی رسٹ سپن اور بھونیشور اور بمراہ کی فاسٹ باؤلنگ ون ڈے کیلئے کمال ہے۔ساتھ میں ورلڈ نمبر ون ویرات کوہلی اور روہت شرما کی بیٹنگ ہو تو یہ ٹیم کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے لیکن ایک بات۔آسٹریلیا کے خلاف ان کی جو کمزوری سامنے آئی دنیا کی نظر میں وہی ان کی طاقت ہے اور وہ ہے ویرات کوہلی۔ویرات کوہلی اگر اینڈ تک بیٹنگ کرتا ہے تو انڈیا جیت جاتا ہے ورنہ ان کی ہار پکی ہوتی ہے شاید یہ ٹیم انڈیا پر کوہلی کی وکٹ کا نفسیاتی پریشر ہوتا ہے۔اس چیز سے بچنے کیلئے دھونی یا کسی اور بیٹسمین کو ذمہ داری سنبھالنی ہو گی ورنہ ورلڈ کپ کا راستہ کانٹوں بھرا ہو جائے گا۔

4۔انگلینڈ

ٹیم انگلینڈ آسٹریلیا اور انڈیا سے بھی طاقتور ٹیم ہے۔ان کی بیٹنگ نے ہر ٹیم کے باؤلروں کو دھونے کا ارادہ کیا ہوا ہے۔جوئے روٹ اور ائن موگن ایک طرف،الیکس ہیلز،جیسن رائے اور جونی بیرسٹو دوسری طرف۔۔بین اسٹوکس بھی بائیں ہاتھ سے لمبے چھکے مارنے کو تیار ہیں جبکہ باؤلنگ میں معین علی عادل راشد کی سپن اور ووڈ،پلنکٹ اور جورڈن کی فاسٹ باؤلنگ کی طاقت بھی شامل ہو گی۔۔ماضی میں ان کی باؤلنگ ناکام تو ہو چکی اس لئے کسی بھی ٹیم کو ان کو ہرانے کیلئے ان کی باؤلنگ کے چھکے چھڑانے ہوں گے جس کی طاقت دو مسلمان اسپنر ہیں۔خاص طور پر مڈل اوورز میں یہ سپنر خطرناک ثابت ہوں گے۔

5۔پاکستان

۔2017کی چیمپئن ٹرافی جیت کر پاکستان نے سب کی آنکھیں کھول دیں۔نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم نے انگلینڈ اور انڈیا جیسی ٹیموں کو بے بس کر دیا۔پاکستان کا اسکواڈ ایک بار پھر وہی دکھائی دے رہا ہے مگر اس بار تھوڑی سی پریشانی یہ ہے کہ ون ڈے میں مستقل مزاجی نہیں دکھا رہے۔ٹیم کی باؤلنگ بہترین جبکہ بیٹنگ کیلئے ایک بار پھر قوم دعا کرنے میں مصروف ہے۔اصل مسئلہ یہ نہیں کہ پاکستانی آؤٹ ہوتے ہیں بلکہ مسئلہ یہ ہے کہ ایک آؤٹ ہوتا ہے تو باقی ساری پیچھے پیچھے قطار بنا دیتے ہیں۔اس چیز سے بچنا ہو گا بلکہ کم از کم دو بلے بازوں کو اپنا بلا آخری اوورز تک لے جانا ہو گا۔ٹیم کی اصل طاقت اسپن باؤلنگ ہے جس کو شاندار پرفارمنس دینا ہو گی۔کپتانی پر بھی توجہ کی ضرورت ہے۔سرفراز کو تھوڑا کول رہنا ہو گا اور بار بار ہدایات دینے کی بجائے باؤلرز اور فیلڈرز کو ان کی صلاحیت آزمانے کا موقع دینا ہوگا۔ساتھ میں اپنی پرفارمنس پر توجہ دینا ہو گی۔

6۔ساؤتھ افریقہ

اے بی ڈویلئیرز کی ریٹائرمنٹ کے بعد اس ٹیم سے کوئی امید رکھنا مشکل تھا مگر فاف ڈیو پلیسز نے جس طرح اسے سنبھالا ہے وہ تعریف کے قابل ہے۔پچھلے ایک سال کی پرفارمنس کو دیکھا جائے تو یہ ٹیم شاندار کھیل رہی ہے۔ون ڈے میں ان کا باؤلنگ لائن اپ کاگیسو ربادا،ڈیل اسٹین اور لنگی نگیڈی جیسے شاندار باؤلرز اور عمران طاہر کی گھومتی گیندوں کے سہارے اس ٹورنامنٹ کا مضبوط ترین باؤلنگ لائن اپ بنا ہوا ہے۔جبکہ بیٹنگ میں ہاشم آملہ،ڈی کوک،ڈومنی،ڈیو پلیسز اوروان ڈار ڈسن کی موجودگی بھی ٹیم کو حوصلہ دے رہی ہے۔اس بار ٹیم پر پریشر کم ہے کیونکہ ان پر فیورٹ والا لیبل ہٹا لیا گیا ہے۔امید کی جا سکتی ہے کہ مسلسل آٹھویں عالمی کپ میں یہ چوکرز نہیں بنیں گے۔ہمت نہ ہاریں تو کچھ کر دکھائیں گے

7۔سری لنکا

یاد نہیں سری لنکا نے آخری بار کب ون ڈے سیریز جیتی تھی۔اس ٹیم نے سینئرز کی ریٹائرمنٹ کے بعد مایوس کردیا۔ینگ پلئیر اچھے ہیں لیکن ابھی انٹرنیشنل کھیلنے کا طریقہ نہیں سیکھ رہے،ساتھ میں ٹیم کی کپتانی اور کوچنگ اسٹاف کی ادلا بدلی نے بھی ٹیم کی پرفارمنس پر اثر ڈالا ہے۔افریقہ سے ٹیسٹ سیریز ضرور جیتے مگر مسئلہ یہ ہے کہ ورلڈ کپ ون ڈے کا ہے ٹیسٹ کا نہیں۔امید کی جا سکتی ہے کہ کوئی نوجوان کھلاڑی دنیا کو شاک دے دے ورنہ تو یہ ورلڈ کپ کی کمزورترین ٹیم لگ رہی۔

8۔نیوزی لینڈ

۔2015 کے ورلڈ کپ کی رنر اپ کیوی ٹیم بھی اس بار فیورٹ کی لسٹ سے باہر دکھائی دیتی ہے لیکن کچھ نام ایسے ہیں جن سے امید کی جا سکتی ہے کہ وہ باقی کی ٹیم کو سہارا دیں گے۔کیوی کی طاقت ان کی مضبوط باؤلنگ ہے جن میں ٹرینٹ بولٹ ٹم ساؤتھی شامل ہیں۔تجربہ کار باؤلنگ کے ساتھ ساتھ کین ولیمسن،روس ٹیلر کی بیٹنگ بھی شاندار رہے گی لیکن اصل مسئلہ ٹیم کا مڈل آرڈر ہے جس میں کو بھی ایسا بیٹسمین دکھائی نہیں دیتا جو ٹیم کو سنبھال سکے۔آل راؤنڈر اچھے ہیں گرینڈ ہوم اور نیشام لیکن اس لیول کے کھلاڑی نہیں جو ٹیم کو آخر تک لے جا سکیں۔

9۔بنگلہ دیش

بنگالی ٹائگر اس بار پچھے ورلڈ کپ کی طرح پرفارمنس ضرور دینا چاہیں گے۔2017 میں بھی ان کی ٹیم سیمی فائنل کھیلی تھی۔ان کی بیٹنگ اور باؤلنگ میں توازن ہے اس لئے ٹیم کافی بہتر دکھائی دے رہی ہے۔شکیب الحسن اور مشفیق الرحیم کے ساتھ ساتھ تمیم اقبال جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کی بیٹنگ دیکھنے کے قابل ہو گی۔باؤلنگ لائن اپ میں ابھی اچھی فاسٹ باؤلنگ دکھائی دے رہی ہے امید ہے ٹیم اچھا مقابلہ کرے گی

10۔ویسٹ انڈیز

کالی آندھی نے ورلڈ کپ سے پہلے انگلینڈ جیسی مضبوط ٹیم کو سیریز ہرا کر خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ان کے کچھ بیٹسمین کی پرفارمنس لاجواب رہی جن میں شائی ہوپ،کرس گیل اور ہٹمائر شامل ہیں۔فاسٹ باؤلنگ اچھی لیکن سپن ڈیپارٹمنٹ کمزور دکھائی دیتا ہے۔۔ان کی اصل طاقت ہارڈ ہٹنگ بیٹنگ ہو گی۔فیورٹ کی لسٹ سے یہ ٹیم بھی باہر دکھائی دیتی ہے