مگرمچھ سے متعلق دلچسپ حقائق

2019-05-27 13:43:55 Written by گوگل

مگرمچھ سے متعلق دلچسپ حقائق

 

مگرمچھ کا شمار دنیا کے خوفناک ترین جانوروں میں کیا جاتا ہے اور یہ زمین پر پائی جانے والی سب سے پہلی مخلوقات میں سے ایک ہے- ماہرین کے مطابق یہ دنیا میں گزشتہ 65 ملین سالوں سے موجود ہیں اور صدیاں گزرنے کے باوجود ان کی شکل اور جسامت میں کوئی بڑی تبدیلی واقع نہیں ہوئی- تاہم مگرمچھ سے متعلق اس کے علاوہ بھی کئی ایسی حیران کن باتیں ہیں جن سے لوگوں کی ایک بڑی اکثریت ناواقف ہے-

 

 

 

ایک مگرمچھ کی اوسطاً عمر 80 سال ہوتی ہے- سب سے طویل العمر مگرمچھ کی موت 1997 میں روس میں ہوئی جس کی عمر اس وقت 115 سال تھی-

 

یقیناً مگرمچھ کا منہ کھولنا خوف کی علامت سمجھا جاتا ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ وہ کوئی جارحانہ رویہ اختیار کرنے والا ہے بلکہ مگرمچھ اپنا منہ ٹھنڈک حاصل کرنے کے لیے کھولتا ہے کیونکہ اسے منہ کے ذریعے پسینے آتے ہیں-

 

غذا کھانے کے دوران مگرمچھ کی آنکھوں سے آنسو بہتے ہیں لیکن یہ آنسو کسی درد یا تکلیف کی وجہ سے نہیں ہوتے بلکہ یہ صرف ایک جسمانی ردِ عمل ہوتا ہے- اور اسی وجہ سے “ مگرمچھ کے آنسو “ والی کہاوت بھی مشہور ہے-

 

مون سون کے موسم میں مگرمچھ جارحانہ رویہ اختیار کرلیتے ہیں اور یہ ایسے وقت انسانوں کے انتہائی خطرناک ثابت ہوتے ہیں-

 

آپ کو یہ جان کر ضرور حیرت ہوگی کہ مگرمچھ کی کمر پر کھال نہیں ہوتی بلکہ یہ ہڈیوں کی ایک خاص قسم ہوتی ہے- اور یہ اس حد تک سخت ہوتی ہے کہ تیروں٬ نیزوں اور گولیوں کو بھی برداشت کرسکتی ہے-

 

مگرمچھ کی آنکھیں رات کے وقت اس وجہ سے چمکتی ہیں کہ ان پر چاند کی روشنی کا عکس پڑتا ہے- عام طور پر اکثر لوگ یہ منظر دیکھ کر خوفزدہ ہوجاتے ہیں-

 

مگرمچھ پانی میں اپنی دم کی مدد سے تیرتا ہے اور پانی میں اس کی رفتار 40 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوتی ہے- لیکن زمین پر چلتے ہوئے یہ جلد ہی تھک جاتا ہے-

 

مگرمچھ کی جلد سے تیار ہونے والی اشیاﺀ انتہائی مہنگی ہوتی ہیں کیونکہ اس کی جلد بہت قیمتی ہوتی ہے اور یہ مگرمچھ کے پیٹ سے حاصل کی جاتی ہے- مگرمچھ کی جلد سے تیار کردہ ایک بہترین پرس کی قیمت 15 ہزار امریکی ڈالر تک ہوسکتی ہے-

 

مگرمچھوں میں درختوں پر چڑھنے کی صلاحیت بھی موجود ہوتی ہے-

دنیا کے سب سے بڑے مگرمچھ بھارت٬ فجی اور آسٹریلیا کے کھارے پانی میں پائے جاتے ہیں- مگرمچھوں کی یہ قسم Crocodylus porosus کہلاتی ہے اور ان کی لمبائی 15 فٹ 9 انچ تک ہوتی ہے- 

 

دنیا میں چھوٹے مگرمچھوں کی بھی ایک قسم پائی جاتی ہے جن کا موازنہ چھپکلیوں کی جسامت سے کیا جاسکتا ہے- ان مگرمچھوں کا وزن 18 کلو گرام تک ہوتا ہے- 

 

مگرمچھ اپنے جسم کو عمودی شکل میں کھڑا کرنے کے لیے اپنی دم کا استعمال کرتے ہیں اور ان کی یہ جسمانی حالت ان کے شکار کے لیے انتہائی حیران کن ثابت ہوتی ہے اور بری طرح متاثر کرتی ہے- اور یہ اسی حالت میں حملہ بھی کردیتے ہیں-