کرکٹ ورلڈ کپ 2019 انگلینڈ بمقابلہ ساؤتھ افریقہ

2019-05-31 10:30:06 Written by اعتزاز سلیم وصلی

ورلڈ کپ2019

پہلا میچ

انگلینڈ بمقابلہ جنوبی افریقہ

ورلڈ کپ کا پہلا میچ ون ڈے کی دو زبردست ٹیموں کے درمیان تھا مگر افسوس جس مقابلے کی توقع تھی وہ بالکل نہ ہوا۔انگلینڈ کیوں اس ٹورنامنٹ کی فیورٹ ہے یہ انہوں نے پہلے میچ میں ہی آل راؤنڈ کارکردگی دکھا کر ثابت کر دیا ہے۔

اوول کے میدان میں جب ساؤتھ افریقن کیپٹن فاف ڈیو پلیسز نے ٹاس جیت کا فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو دنیا کے نمبر ون سپنر عمران طاہر نے اننگ کی دوسری بال پر بیرسٹو کو گولڈن ڈک پر آؤٹ کرکے فیصلہ درست ثابت کر دیا۔نئے بال سے لیگ اسپنر کو باؤلنگ دینا بہادری اور پلاننگ کا کام تھا جو کامیاب رہا۔اس کے بعد رائے اور روٹ نے ففٹیز اسکور کرکے پریشر جنوبی افریقہ پر ڈال دیا مگر کاگیسو ربادا اور پھلکوائیو نے دونوں کی وکٹیں حاصل کرکے انگلینڈ کو ایک بار پھر پریشانی میں ڈال دیا۔اس موقع پر کپتان مورگن اور آل راؤنڈر اسٹوکس نے اننگ کو سنبھالا اور دونوں نے ففٹیز جڑ دیں۔عمران طاہر نے واپس آ کر مورگن کو آؤٹ کیا۔ایک موقع پر ایسا لگ رہا تھا جیسے یہ اننگ آسانی سے تین سو ساٹھ ستر تک جا سکتی ہے مگر پھر جنوبی افریقن نے بہترین باؤلنگ کی۔سلو پچ پر سلو بالز اور باؤنسر کے ذریعے وکٹس حاصل کیں۔اسٹوکس کے چراسی رنز کی بدولت اننگ تین سو گیارہ پر ختم ہوئی۔

ساؤتھ افریقن ٹیم کا آغاز کچھ اچھا نہ تھا۔ہاشم آملہ جوفرا آرچر کا باؤنسر کھا کر زخمی ہو کر میدان سے باہر چلے گئے۔ایڈم مارکرام ایک بار پھر انٹرنیشنل کرکٹ میں ناکام ہوئے اور آرچر کا نشانہ بنے جبکہ کپتان ڈیو پلیسز بھی آرچر کی طوفانی باؤلنگ کا سامنا نہ کر سکے۔اس موقع پر وان ڈار ڈسن اور ڈی کوک نے اچھی پارٹنر شپ کی۔دونوں نے نصف سنچریاں مکمل کیں مگر ڈی کوک کی غیر ذمہ دارانہ شاٹ کی وجہ سے میچ انگلینڈ کے حق میں چلا گیا۔افریقن اننگ سنبھل نہ سکی اور وکٹیں لگاتار گرتی رہیں۔انگلینڈ اسپنرز اور فاسٹ باؤلرز دونوں نے شاندار باؤلنگ کی۔ہاشم آملہ بھی بیٹنگ پر واپس آئے اور جلد وکٹ گنوا بیٹھے۔یوں انگلیند نے باآسانی یہ میچ ایک سو چار رنز سے جیت لیا۔میچ کی میجک مومنٹ میں بین اسٹوکس کا کیچ تھا جو انہوں نے کسی سپرمین کی طرح ہوا میں اڑ کر ایک ہاتھ سے تھاما تھا۔اسٹوکس ہی آل راؤنڈ کاکردگی پر مین آف دا میچ قرار پائے۔ورلڈ کپ کا آغاز انگلینڈ نے اچھا کرلیا ہے اب دیکھتے ہیں کتنا آگے جا سکتے ہیں۔