سری لنکا بمقابلہ نیوزی لینڈ

2019-06-01 20:29:58 Written by اعتزاز سلیم وصلی

ورلڈ کپ 2019

نیوزی لینڈ بمقابلہ سری لنکا

سری لنکا نے اتنی کرکٹ کھیلی ہے پر پھر بھی یہ بیٹنگ میں پاکستان کی نقل کرتے ہیں نجانے کیوں؟نہیں سمجھے میری بات؟ارے بھائی ہم نے ایک سو پانچ بنا کر عوام کو رلایا تو انہوں نے بھی ایک ایک سو چھتیس بنا کر ورلڈ کپ کا آغاز انتہائی زبردست کیا ہے پوری دس وکٹوں سے ہار کر۔۔

کارڈف میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے تیسرے میچ کین ولیمسن نے جب ٹاس جیت کر باؤلنگ کا فیصلہ کیا تو پچ کی منہ دکھائی ہوتے ہی اندازہ ہو گیا تھا یہ نیوزی لینڈ ٹائپ پچ ہے اس پر ایشیائی ٹیموں سے بیٹنگ مشکل ہو گی پھر وہی ہوا۔

اننگ کی پہلی گیند پر چار حاصل کرنے والے تھرمانے سے میٹ ہنری نے دوسری گیند پر بدلہ چکایا اور وکٹوں کے سامنے جکڑ لیا۔کوشل پریرا ون ڈاؤن آیا کچھ ایگریشن دکھائی۔پریشر کم کیا اور پھر بال کو ہوا میں اچھال کر نیوزی لینڈ کی فیلڈنگ کوالٹی چیک کرنے کی کوشش کی جو بہترین ثابت ہوئی اور ہنری نے دوسرا شکار کیا۔نوجوان کوشل مینڈس نے بھی پہلے ورلڈ کپ کا آغاز گولڈن ڈک سے کیا اور ہنری کا تیسرا شکار بنے۔

اس کے بعد وکٹوں کی لائن لگ گئی۔امیدوں کا محور اینجلو میتھیوز لوکی فرگوسن کی ایک بہترین بال کا نشانہ بنے۔ڈی سلوا نے بھی ایک ہی چوکا لگایا اور وہ بھی گھر لوٹے۔تسارا پریرا کے ستائیس بھی بیکار گئے۔کپتان کرونا رتنے البتہ پچ پر جمے رہے اور ففٹی اسکور کی۔یوں ساری ٹیم صرف ایک سو پینتیس بنا کر گھر کو لوٹ گئی۔

نیوزی لینڈ کیلئے یہ ٹارگٹ انتہائی آسان تھا۔ان کے اوپنرز نے ہی آسانی سے سولہ اوورز میں پورا کرکے تمام ٹیموں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔گپٹل تہتر اور منرو اٹھاون رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔