جنوبی افریقہ بمقابلہ بنگلہ دیش

2019-06-03 12:06:15 Written by اعتزاز سلیم وصلی

ورلڈ کپ 2019

جنوبی افریقہ بمقابلہ بنگلہ دیش

پانچواں میچ

لو جی روز روز آنسو بہاتے تھے کہ ہمیں ون سائیڈڈ میچ دیکھنے کو مل رہے ہیں مگر کل بنگالی ٹائیگرز نے کمال کر دکھایا اور سب کو حیران پریشان کر دیا۔جنوبی افریقہ کو اپ سیٹ۔۔ارے نہیں،اب بنگالیوں کی جیت کو اپ سیٹ کہنا ان کے ساتھ زیادتی ہو گی جس طرح وہ پلاننگ سے کھیلے،بیٹنگ باؤلنگ فیلڈنگ کی۔۔اسے دیکھ کر محسوس ہو رہا تھا کہ کتنا وہ خود کو بہتر بنا چکے ہیں۔

لندن میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقی کیپٹن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا حیران کردینے والا فیصلہ کیا جو یہ ثابت کرتا تھا کہ انگلینڈ سے ہارنے کے بعد افریقی بہت پریشر میں ہیں۔جس پچ پر سو اوور کھیلے جا چکے تھے اور مزید پچاس کے بعد ان کی بیٹنگ آنی تھی وہاں ایسا فیصلہ سمجھ سے باہر تھا۔ان کے فیصلے کو بنگالی اوپنرز نے غلط ثابت کر دیا۔پہلے آٹھ اوور میں بیٹنگ پچ پر ساٹھ رنز جڑ دئیے۔دونوں اوپنروں کو کرس مورس اور پھلکواؤ نے واپس بھیجا تو شکیب اور مشفیق الرحیم نے نصف سنچریاں اسکور کرکے افریقی ٹیم کو تقریبا میچ سے باہر کردیا۔آخری اوور میں محمداللہ اور مصدق حسین کی طوفانی بیٹنگ نے بنگالی کرکٹ کے ریکارڈ توڑتے ہوئے ان کی ورلڈ کپ کی تاریخ کا سب سے زیادہ ٹارگٹ تین سو اکتیس رنز سیٹ کیا۔

عمران طاہر اور کرس مورس نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

افریقی ٹیم شروع سے ہی پریشر میں لگ رہی تھی۔ڈی کوک اڑتالیس کے اسکور پر رن آؤٹ ہوا۔پینتالیس بنا کر مارکرام شکیب کا نشانہ بنے۔کپتان ڈیو پلیسز نے نصف سنچری اسکور کی مگر کسی کام نہ آئی۔ڈسن کی مزاحمت پر قابو پانے کے بعد مستفیض الرحمان کی شاندار باؤلنگ نے افریقی ٹیم کو بے بس کر دیا۔ہدف کے تعاقب میں تین سو نو رنز بنا سکی۔

پہلے دو میچ ہارنے کے بعد افریقی ٹیم سخت پریشر میں دکھائی دیتی ہے جبکہ بنگالیوں کا پہلا میچ جیتنے کے بعد حوصلہ بلند ہے۔ورلڈ کپ دلچسپ ہونا شروع ہو گیا۔