ورلڈ کپ 2019
میچ نمبر نو
بنگلہ دیش بمقابلہ نیوزی لینڈ
لو جی بنگالی ٹائیگرز کو زمین پر بخیروعافیت واپسی مبارک۔مقابلہ تو دل ناتواں نے خوب کیا مگر افسوس اس بار ساؤتھ افریقہ کی نسبت ٹیم ذرا تگڑے اعصاب کی تھی جس نے خود پر قابو پائے رکھا اور میچ اپنے نام کیا۔
کارڈف میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان نے جب ٹاس جیت کر باؤلنگ کا فیصلہ کیا تو اس کے ہر باؤلر نے اس فیصلے کو درست ثابت کردیا۔پینتالیس کے اسکور پر سومیا سرکار کا راج ہنری نے ختم کیا تو ساٹھ پر تمیم اقبال فرگوسن کا نشانہ بن گئے۔مشفیق الرحیم کے رن آؤٹ نے ٹیم کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔ایسے میں شکیب نے ایک بار پھر خود کو نمبر ون آل راؤنڈر ثابت کرتے ہوئے چونسٹھ رنز کی خوبصورت اننگ کھیلی۔گرینڈ ہوم نے شکیب کو گھر بھیجا تو پھر بنگالی سنبھل نہ سکے۔محمد اللہ،مٹھن اور سیف الدین کی مزاحمت پر قابو پا کر کیویز نے ٹیم کو دو سو چوالیس پر محدود کردیا۔ہنری نے چار اور بولٹ نے دو وکٹیں گرائیں۔
ہدف کے تعاقب میں گپٹل کے تیز بنائے گئے بائیس رنز کی اننگ کو شکیب نے ختم کیا ساتھ ہی کولن منرو پر بھی قابو پا لیا۔ولیمسن چالیس اور روس ٹیلر نے بیاسی رنز بنا کر ٹیم کو وننگ پوزیشن میں تو لا کھڑا کیا مگر میچ فنش نہ کر سکے۔لیتھم کے انڈہ کھاتے ہی کیوی مشکلات کا شکار دکھائی دئیے مگر انہوں نے پریشر کو بڑھنے نہ دیا۔نیشم نے پچیس رنز بنائے۔ایک موقع پر ٹیم کے ہاتھ میں صرف تین وکٹیں تھیں اور ستائیس رنز درکار تھے ایسے میں سینٹر نے بارہ گیندوں پر سترہ جڑ کر میچ کا پانسا پلٹ دیا۔
یوں یہ میچ دو وکٹوں سے نیوزی لینڈ کے نام رہا جنہوں نے اب تک دو میچ کھیلے ہیں اوردونوں ہی جیتے ہیں۔اس لئے وہ ٹاپ پر موجود ہیں دیکھتے ہیں کیوی کا یہ سفر مزید کتنا آگے جا سکتا ہے۔