آسٹریلیا بمقابلہ ویسٹ انڈیز

2019-06-07 15:14:47 Written by اعتزاز سلیم وصلی

ورلڈ کپ 2019

میچ نمبر دس

ویسٹ انڈیز بمقابلہ آسٹریلیا

آخر کالی آندھی کو سفید طوفان نے روک ہی لیا۔پاکستان سے جیتنے کے بعد جس طرح اس قوم کی بددعائیں ویسٹ انڈیز کے ساتھ تھیں ان کا جیتنا اتنا ہی مشکل تھا جتنا بہتے راوی میں چھلانگ لگا کر بندے کا خشک واپس آنا۔ویسے بھی پلاننگ کو دیکھتے ہوئے اندازہ لگایا جا سکتا ہے ویسٹ انڈیز والے صرف پہلے بیس اوور میں زور لگا کر باؤلنگ کرتے ہیں اس کے بعد تھک جاتے ہیں اور انہیں لتر پڑنا شروع ہو جاتے ہیں۔پھر چاہے سلیوٹ کرنے والا کوٹرل ہو یا اونچا لمبا تھامس،سب کے ساتھ مساوی سلوک ہوتا ہے۔

نوٹنگھم میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈین کپتان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو اس کے باؤلرز نے فیصلے کی لاج رکھ لی۔آرون فنچ کو تیسرے اوور میں تھامس نے کھڑکا دیا تو ڈیوڈ وارنر کوٹرل کا نشانہ بنے۔عثمان خواجہ کیلئے کالی آندھی نے طوفان کی شکل اختیار کی۔پانچ باؤنسر سر پر کھانے کے بعد ان کے ہوش گم ہوئے تو کیپر کو کیچ پکڑا کر جان چھڑائی۔میکسویل البتہ سیانا ثابت ہوا جو پہلے باؤنسر پر ہی کیچ پکڑا دیا اور یہ سوچ کر چلتا بنا کہ سر سلامت نہیں رہتے یہاں ہیلمٹ کے بیچ۔سٹونس اور سٹیون اسمتھ نے اننگ کو سنبھالنے کی کوشش کی لیکن سٹونس نے بھی چند لمحوں کے ساتھ کے بعد اسمتھ کو تنہا چھوڑ دیا۔پھر کیری کی آمد ہوئی جس نے دلکش اسٹروک سے پینتالیس رنز اسکور کرکے سابقہ کپتان پر پریشر کم کیا۔آٹھویں نمبر پر آنے والے کولٹر نیل نے آتے ہی بلا ہوا میں گھمانا شروع کیا اور کیا خوب گھمایا۔صرف ساٹھ گیندوں پر چار چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے بانوے رنز جڑ دئیے۔اسمتھ اس دوران کوٹرل کے شاندار کیچ کا نشانہ بن گئے اور تہتر پر واپس لوٹے۔مقررہ پچاس اوور میں آسٹریلیا نے دو سو اٹھاسی کا ٹارگٹ سیٹ کیا۔تھامس اور کوٹرل نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں ویسٹ انڈیز کا آغاز ہرگز اچھا نہ تھا۔لیوس ایک بنا کر کمنز کا نشانہ بنے تو ریویو ریویو کھیلنے والے کرس گیل کو اسٹارک نے چلتا کیا۔پوران اور ہوپ کی پارٹنر شپ اچھی لگی۔پوران کے بعد ہٹمائر بھی خطرناک لگ رہے تھے کہ رن آؤٹ نے میچ کو ایک بار پھر سنسنی خیز بنا دیا۔کپتان ہولڈر اور ہوپ نے نصف سنچریاں اسکور کیں اور اس کے بعد جادو چلا مچل اسٹارک کا۔2015 کی یاد تازہ کر دینے والے فاسٹ باؤلر نے آندرے رسل اور ٹیل کا صفایا منٹوں میں کر دیا۔چھیالیس رنز کی بدولت پانچ وکٹیں حاصل کیں اور ویسٹ انڈیز کو پندرہ رنز سے پچھاڑ دیا۔

آج کا میچ پاکستان اور سری لنکن کے درمیان ہو گا۔دعائیں مانگو۔۔