صرف باتیں

2019-12-26 21:52:45 Written by Lal Khan

آپ کے پاس ہے کیا...صرف باتیں

 

پرویز رانا جونیئر آرٹسٹ ہیں، یہ لاتعداد ڈراموں میں کام کر چکے ہیں زیادہ تر سیکنڈ ولن یا غنڈوں کا رول ادا کرتے ہیں، آپ نے اگر "کب میرے کہلاؤ گے" کے نام سے اے آر وائی کا سوپ دیکھ رکھا ہے تو "چنگیزی" نام کے کردار سے واقف ہوں گے ،یہ کردار پرویز رانا نے ادا کیا تھا، یہ ایک پرائیویٹ فرم میں جاب بھی کرتے ہیں اور کام کے سلسلے میں میرے آفس آتے جاتے رہتے ہیں ، یوں ہم نئے نئے دوست بنے ہیں ، مجھ پر جونہی انکشاف ہوا کہ یہ آرٹسٹ ہیں میں کافی ایکسائیٹڈ ہوا،میں نے انہیں اپنے بارے میں بتایا ، میں نے کہا میں رائٹر ہوں کافی عرصے سے لکھ رہا ہوں ناول افسانوں اور آرٹیکلز کا ذکر کیا ،رانا صاحب مسکرا کر سنتے رہے ، میں آخر میں مدعے پر آیا اور کہا ....رانا صاحب آپ کافی عرصے سے ڈرامہ انڈسٹری میں کام کر رہے ہیں آپ کی کافی جان پہچان ہو گی ...ایک آدھ اسکرپٹ دلوا دیں ....رانا صاحب سنجیدہ ہو گئے ...بولے لاؤ کہاں ہے اسکرپٹ ؟ میں نے کہا رانا صاحب اسکرپٹ تو نہیں ہے؟ وہ حیرت سے مجھے دیکھنے لگے ...پھر پوچھا کوئی آئیڈیا تو سوچ رکھا ہو گا ...ون لائنر بنایا ہو گا ...وہی دکھا دو ...میں نے کہا ابھی تک تو نہ سوچا نہ لکھا ...رانا صاحب نے ہمت نہ ہاری ....بولے ...چینلز اور پروڈکشن ہاؤسز کے دھکے وکے تو کھائے ہوں گے ...وہاں کیا ساتھ لے کر جاتے تھے ؟ میں نے شرمندگی سے کہا ...نہیں جناب میں آج تک اپنا کوئی آئیڈیا لے کر کہیں بھی نہیں گیا ....رانا صاحب کی حالت کافی سیریس ہو گئی ...بولے ای میل کیا تھا ...یا خط و کتابت میں کچھ بھیجا ہو ...میرا جواب اب بھی نفی میں تھا ...رانا صاحب نے مجھے ایسے دیکھا جیسے میں ابھی پاگل خانے سے چھوٹ کر آیا ہوں ....بولے بھائی ....تم یہاں دفتر میں بیٹھ کر جادو کے زور پر اسکرپٹ رائٹر بننا چاہتے ہو؟ صرف باتیں کرنے سے بات نہیں بنتی...خواری بھی اٹھانی پڑتی ہے .....تمہیں آج تک کسی چینل سے ریجیکٹ تک نہیں کیا گیا اور تم سلیکٹ ہونے کے خواب دیکھ رہے ہو ....میں کچھ لوگوں کو جانتا ہوں جو مدد کر سکتے ہیں مگر تمہارے جیسے لوگوں کی مدد کرنا وقت کا ضیاع ہے کیونکہ تمہارے پاس ہے کچھ نہیں مگر صرف باتیں .....آپ کو یہ بتانے کی قطعی ضرورت نہیں کہ میں جی بھر کے شرمندہ ہوا .

یہ بڑی تعجب والی بات ہے کہ ہم خواہش پالتے ہیں مگر خواہشوں کو پورا کرنے کے لیے اپنے ہنر کو نہیں پالتے بس اللہ کی رحمت اور معجزے کے انتظار میں بیٹھے رہتے ہیں ....ہم چاہتے ہیں ہمیں نوکری ملے مگر ہمارے پاس انٹرویو دینے کا وقت نہیں ہے ....ہم چاہتے ہیں ہم اول آ جائیں مگر امتحان کی تیاری کون کرے اور پھر امتحان گاہ میں پرچہ دینے کی تکلیف کیسے برداشت کی جائے ....ہم چاہتے ہیں ہمیں عزت شہرت دولت اور سکون مل جائے مگر ہم ان سب نعمتوں کے لیے نیند کی قربانی نہیں دے سکتے ،ہمیں زہنی اور جسمانی مشقت سے بھی ڈاکٹر نے پرہیز بتا رکھی ہے اور ہم اچھے بچوں کی طرح اپنے گھر سے باہر بھی نہیں نکلتے کہ کہیں واپسی کا راستہ ہی نہ بھول جائیں .....ہم بڑے ٹیلنٹڈ ہیں بس ہمیں یہ نہیں پتا کہ ہمارے اندر کون سا ٹیلنٹ ہے اور اگر پتا چل جائے تو ہم انتظار کرتے ہیں کہ اب دنیا ڈھول اور شہنائیوں کے ساتھ ہمارے گھر آئے ،ہمارے گلے میں پھولوں کے ہار پہنائے اور پھر گھگیا کر ہم سے ہمارا ٹیلنٹ بیچنے کا سوال کرے اور ہم منہ مانگے دام وصول کر کے اپنے ٹیلنٹ میں سے چٹکی بھر دنیا کی گود میں بھیک کی طرح ڈال دیں ....اور اپنی خواہشیں پوری کر لیں ....آپ سو میں سے پچانوے لوگ میرے جیسے ہی پائیں گے جو باتوں کے لڈو کھاتے ہیں اور باقی پانچ لوگوں کی کامیابی کو صرف دیکھ پاتے ہیں .....اس کے پیچھے چھپی ہوئی ناکامیوں کی داستان ان اندھوں کو نظر ہی نہیں آتی کیونکہ یہ زندگی میں کامیاب تو کیا ناکام تک نہیں ہوئے ....یہ سلیکٹ کیا ہوں گے جو کبھی ریجیکٹ تک نہیں ہوئے ....سچ کہتے ہیں رانا پرویز