کچھ ستاروں کا ذکر جو 2019 میں ڈوب گئے

2020-01-03 11:03:15 Written by کائنات نور

ہر سال کی طرح 2019 کا سورج بھی کئی اچھی اور بری خبروں کے ساتھ 365 دن لئے ڈوب گیاْ۔2020 کا سورج نئی امیدوں کے ساتھ طلوع ہو چکا ہے۔پاکستان میں شوبز ہو یا سیاست،ہر سال کئی تہلکے مچتے ہیں تو کئی زندگیوں کا باب ختم ہو جاتا ہے۔اس آرٹیکل میں ہم اس سال ان پاکستانی سلیبرٹیز کا ذکر کریں گے جو اب ہم میں نہیں رہے۔تو سب سے پہلے ذکر کرتے ہیں عابد علی صاحب کا۔

 

1۔عابد علی

عابد علی کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں۔شوبز انڈسٹری پر کئی سال راج کرنے والے اس لیجنڈ اداکار نے کئی شاندار کردار نبھائے۔اپنے منفرد سٹائل اور خاص آواز کی وجہ سے ان کی اداکاری میں ہمیشہ ایک الگ رنگ دکھائی دیا۔1952 میں کوئٹہ میں پیدا ہونے والے عابد علی نے کئی شاندار ڈراموں میں کامیاب کردار نبھائے۔پانچ ستمبر 2019 کو 67 سال کی عمر میں وہ خالق حقیقی سے جا ملے۔عابد علی کی اولاد میں تین بیٹیاں میں شامل ہیں ایمان علی،راحما علی،مریم علی۔ان کی اپنی پہلی بیوی اور ان بچیوں کی ماں سے علیحدگی ہو چکی تھی اور 2006 میں انہوں نے دوسری شادی کی تھی۔ان کی دوسری بیوی رابعہ نور ایک اداکارہ ہیں۔

2۔ذہین طاہرہ

لکھنؤ میں پیدا ہونے والی ذہین طاہرہ نے 1940 میں آنکھ کھولی۔انہوں نے ریڈیو اور تھیٹر سے آغاز کیا۔اس کے بعد پی ٹی وی کے ساتھ جڑ گئیں۔انہوں نے پچاس سال شوبز انڈسٹری میں کام کیا۔انہیں۔۔2013 میں تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔دل کی بیماری کی وجہ سے انہیں آخری دنوں میں ہسپتال میں داخل کروایا گیا۔نو جولائی 2019 کو وہ 79 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ذہین طاہرہ آخری وقت میں اے آر وائی ڈیجیٹل کی طرف سے ایک ڈرامے میں کام کر رہی تھیں۔2019 کے سال میں پاکستان انڈسٹری کو لگنے والا یہ جھٹکا بہت بڑا تھا۔

3۔روحی بانو

ایک طبلہ نواز اللہ رکھا کی بیٹی روحی بانو نے 1951 میں دس اگست کے دن آنکھ کھولی۔روحی بانو بھی ایک شاندار اداکارہ تھیں جنہوں نے کئی سال تک مختلف ڈراموں میں اپنے اداکارانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔2005 میں اپنے جوان بیٹے کی موت کے بعد ان کی دماغی حالت بہت اپ سیٹ تھی۔ان کے بیٹے کو نامعلوم قاتلوں نے کسی وجہ سے قتل کیا تھا۔25 جنوری 2019 کو استنبول،ترکی میں ان کا انتقال ہوا۔

4۔عبدالقادر خان

دنیائے کرکٹ کا مشہور ترین لیگ اسپنر عبدالقادر خان جنہیں اپنے وقت کا بہترین لیگ اسپنر مانا جاتا ہے۔۔2019 کے سال میں اپنے پیچھے شہرت چھوڑ کر چل بسے۔15 ستمبر 1955 کو لاہور میں پیدا ہونے والے عبدالقادر خان کو لیگ اسپن میں گوگلی استعمال کرنے والا پہلا اسپنر مانا جاتا ہے۔انہوں نے پاکستانی ٹیم کی کپتانی بھی کی۔اپنی 64 سالگرہ سے صرف نو دن پہلے دل کے دورے کی وجہ سے عبدالقادر انتقال کر گئے۔کرکٹ کے فین انہیں ہمیشہ ان کی اگریشن اور جذبے کی وجہ سے یاد رکھیں گے۔

5۔شہناز رحمت اللہ 

شہناز بیگم کا نام تو شاید اکثر لوگ بھول گئے ہوں اور نوجوان نسل تو شاید اس سے واقف ہی نہ ہو مگر جیوے جیوے پاکستان اور سوہنی دھرتی اللہ رکھے۔۔جیسے ملی نغموں سے تو سب واقف ہوں گے اور سب بچپن یا جوانی میں یہ گنگنا چکے ہوں گے۔شہناز بیگم کو انہی ملی نغموں سے شہرت ملی۔جنوری ۔۔1952 میں پیدا ہونے والی شہناز ڈھاکہ سے تھیں اور مشرقی پاکستان الگ ہو جانے کے بعد وہیں رہائش پذیر ہو گئیں۔پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان کیلئے انہوں نے گانے ریکارڈ کئے۔تئیس مارچ ۔۔2019 کو باسٹھ سال کی عمر میں ڈھاکہ میں ان کا انتقال ہوا۔