نیکسٹ لیول

2020-05-14 15:50:11 Written by زہرا اے جعفری

آپ میں سے اکثر لوگ فونز پر گیمز کھیلتے ہوں گے۔ گیم میں جب ایک لیول کمپلیٹ ہو جاتا ہے تو اس سے اگلا لیول آ جاتا ہے جو کہ پہلے والے سے مشکل ہوتا ہے۔ اس سے اگلا مزید مشکل ہوتا ہے اور جیسے جیسے آپ گیم کے ماہر ہوتے جاتے ہیں ایک لیول مکمل کر لیتے ہیں تو آپ کا دل چاہتا ہے کہ اگلا بھی کر ہی لوں یعنی ہر لیول کے ساتھ آپ کا جذبہ بڑھتا چلا جاتا ہے کہ آپ نے یہ کھیل کر ہی رہنا ہے ، مکمل کرنا ہی کرنا ہے۔

آپ ایک لیول مکمل کر لیتے ہیں تبھی آپ کے لئے دوسرا لیول اوپن ہوتا ہے یعنی گیم ایپ کو بھی پتہ ہے کہ اس میں اس گیم کو کھیلنے کی اہلیت ہے تو ہی آپ کے لئے نیکسٹ لیول نہ صرف اوپن ہو جاتا ہے بلکہ پہلے والے سے مشکل ہوتا ہے ، کیوں کہ آپ کے اندر اہلیت سمجھی گئی کہ آپ کر سکتے ہیں۔ 

کبھی آپ ایک لیول نہیں کھیل پاتے تو آپ کے لئے نیکسٹ بھی اوپن نہیں ہوتا جب تک کہ آپ وہ والا کھیل نہیں لیتے۔ اب اس میں گیم کا قصور تو نہیں ہوتا ، آپ کی صلاحیت اس درجہ تک نہیں پہنچی کہ آپ کو اگلے لیول تک اپروچ نہیں ملی۔۔

 

پھر حقیقی زندگی میں جب آپ ایک آزمائش سے گزرتے ہیں اور اچھی طرح اس امتحان میں پورا اترتے ہیں اور اگلی آزمائش آ جاتی ہے جو کہ آپ کو پہلے سے بڑھ کر مشکل لگتی ہے ، تو آپ گھبرا کیوں جاتے ہیں؟ یہ تو مقام شکر ہے کہ آپ پر آزمائش ڈالنے والے نے آپ کو اس قابل سمجھا ، آپ کے اندر اس امتحان پر پورا اترنے کی اہلیت سمجھی ، جبھی آپ پر یہ آزمائش آئ۔

گیم میں ایک لیول کے بعد دوسرے لیول کو کھیلنے کے لئے آپ کا جوش و خروش بڑھ جاتا ہے تو عملی زندگی میں اگلی آزمائش پر سستی اور مایوسی کیوں حملہ آور ہو جاتی ہے ؟؟

ایک ہی لیول بار بار کھیل کر تھک جاتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ جلد نیکسٹ لیول تک اپروچ ملے تو عملی زندگی میں ایک ہی طرح کی زندگی سے کیوں نہیں تھکتے، جب تک ایک آزمائش پر پورا نہیں اتریں گے ، آپ کی صلاحیت میں اضافہ نہیں ہو گا ، جب تک صلاحیت میں اضافہ نہیں ہو گا آپ آگے نہیں بڑھ پائیں گے۔ پھر بہتر یہی ہے کہ اپنی زندگی میں آنے والی آزمائشوں اور امتحانات کا خندہ پیشانی سے استقبال کریں کیوں کہ جیسے جیسے آپ اپنی زندگی کے کھیل کے لیولز کمپلیٹ کر کے آگے بڑھتے جائیں گے، آپ جیت کے نزدیک ترین ہوتے چلے جائیں گے۔ اور بالآخر آپ ایک نہ ایک دن ونر بن جائیں گے۔ 

اور دیکھا جاۓ تو آپ کی جیت کی ابتدا پہلی آزمائش پر خوش اسلوبی سے پورا اترنے پر ہی ہو چکی ہے۔

زندگی میں جتنی بھی آزمائش ، مشکلات یا سختیاں آتی ہیں ، آپ کی صلاحیت کو بڑھاتی ہیں، آپ کے تجربے میں اضافہ ہوتا ہے۔ آپ اندر سے مضبوط ہوتے ہیں، اگلے راؤنڈ کے لئے آپ کی پختگی بڑھتی ہے اور آپ خود پر اعتماد کرنا سیکھ جاتے ہیں۔ 

آزمائشیں اور مشکلات تو سبھی کی زندگی میں آتی ہیں اور ہر کسی کی آزمائش مختلف ہوتی ہے مگر ان آزمائشوں سے حاصل ہونے والا سبق جتنا جلدی سیکھ جائیں گے اتنا ہی جلدی آپ جیت کے قریب ہوتے جائیں گے۔ 

درحقیقت ہر آزمائش سے حاصل ہونے والا سبق ہی آپ کی جیت کا انعام ہوتا ہے۔

لہذا آج سے خود کو پہچاننا شروع کریں، اپنی ذات پر اور صلاحیات پر اعتماد کرنا شروع کریں۔ شکووں کی بجاۓ شکرگزاری کو اپنا عمل بنا لیں۔ ان شا اللہ آپ کامیاب ہیں۔

 

 

اللہ پاک آپ سب کا حامی و ناصر ہو۔

زندگی کی سبھی آزمائشوں اور مشکلات میں آپ کا مددگار ہو۔ اور ہر آزمائش آپ کو اللہ کے قریب کر دے۔ آمین ثمّ آمین۔

محتاج دعا۔